بلوچستان میں بارکھان کی تحصیل رکھنی میں مسلح افراد نے شناختی کارڈ دیکھ کر 7 مسافروں کو بس سے اتارااور گولیاں مار دیں.
واقعہ رکھنی کو ڈیرا غازی خان سے ملانے والی شاہراہ پر پیش آیا۔ جہاں 10 سے 12 دہشت گردوں نے کوئٹہ سے فیصل آباد جانے والی مسافر بس کو روک کر اس میں سے 7 مسافر شناخت کر کے نیچے اتارے اور انہیں گولیاں مار کر فرار ہوگئے ،جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے تھا، اسسٹنٹ کمشنر بارکھان خادم حسین کا کہنا ہے کہ بس کے 7 مسافروں کو اتار کر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق بس کوئٹہ سے فیصل آباد جارہی تھی، لیویز اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ لاشوں کو رکھنی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے ،بس کے مسافر ذیشان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 10، 12 مسلح افراد نے بس کو روکا اور پھر 7 مسافروں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا،ذیشان نے بتایا کہ میرے بھائی عدنان کو بھی بس سے اتار کر قتل کیا گیا، بھائی کو شناختی کارڈ دیکھ کر بس سے اتارا گیا تھا،اس کے علاوہ متاثرہ خاندان کی مسافر خواتین نے بھی بتایا کہ ہم کوئٹہ سے فیصل آباد جارہے تھے ، ہمارے بھائی کا شناختی کارڈ دیکھا اور دھکے مارتے ہوئے بس سے اتارا گیا۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بارکھان میں 7 مسافروں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد معصوم اور نہتے لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ امن دشمنوں کا بزدلانہ وار ناقابل برداشت ہے، سخت جواب دیا جائے گا۔ پاکستانیوں کو شہید کرنے والے دہشت گردوں کو انجام تک پہنچائیں گے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق بارکھان واقعے کے بعد ایف سی اور لیویز، جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں اور سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کا تعاقب جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بارکھان، مسافر بس سے اتار کر قتل کیے جانے والے افراد کی فہرست
بس سے اتار کر مارے جانے والے مسافروں کی شناخت سامنے آئی ہے،لاشوں کو ہسپتال لایا گیا قانونی کاروائی کے بعد لاشوں کو پنجاب روانہ کر دیا گیا ہے. مقتولین کا تعلق پنجاب سے ہے،مقتولین کے نام سامنے آئے ہیں.
1. عدنان مصطفی ولد غلام مصطفی، ذات رحمانی، بورے والا
2. ڈی ایس پی (ر) عاشق حسین ولد غلام سرور ولد قصبہ
3. محمد عاشق ولد داؤد علی ولد شیخوپورہ
4. شوکت علی ولد سردار علی ولد فیصل آباد
5. عاصم علی ولد محمود علی ولد منڈی بہاؤالدین
6. محمد اجمل ولد اللہ وسایا لودھراں
7. محمد اسحاق ولد محمد حیات ولد ملتان
وزیرداخلہ محسن نقوی نے بارکھان کے علاقے میں دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے.محسن نقوی نے7 مسافروں کو قتل کرنے کے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا.وزیرداخلہ محسن نقوی نے جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا. محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کےشریک ہیں.معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں.ملک دشمن عناصر عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہے ہیں.قوم کی حمایت سے ہر سازش کو ناکام بنائیں گے ،