ڈی جی پی آئی ڈی شفقت عباس نے سنئیر صحافیوں اور حکومت پاکستان کی دعوت پر آئے بنگلہ دیشی صحافیوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا ہوا تھا۔
ایک بجے کا وقت تھا مہمان پونے دوبجے کے قریب پہنچے تو ہم نے پی آئی ڈی والوں سے پوچھا کہ آپ خود لیٹ پہنچے ہیں تو انکا کہنا تھا کہ ہر طرف ٹریفک جام اور تجاوزات ہیں کیا کریں، مینار پاکستان سے گلبرگ پہنچنے میں 55منٹ لگے اگر غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات نہ ہوں تو یہ فاصلہ صرف پندررہ منٹ کا ہے۔
سنئیر صحافی مجیب الرحمٰن شامی نے کہا کہ شکرکریں ابھی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کرچکی ہیں ورنہ آپکو اس سے بھی زیادہ وقت لگ سکتا تھا۔ بنگالی مہمانوں نے لاہور کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سے واپس جانے کو دل نہیں چاہتا۔ ایک اور بنگالی صحافی نے کہا کہ ہارس اینڈ کیٹل شو کے ایڈورٹائزنگ بینرز اور بورڈ مجبور کر رہے ہیں کہ ہمیں بھی یہ ثقافتی میلہ لازمی دیکھنا چاہئے۔ ایک بنگالی صحافی نے حیرانگی کا اظہار کیا کہ تاریخی اہمیت کے حامل شہر لاہور میں بغیر نمبر پلیٹ گاڑیاں کیسے چل سکتی ہیں، پاکستان کی میزبانی میں چیمپئن ٹرافی جیسا اہم ایونٹ شروع ہوچکا ہے تو بنا نمبر پلیٹ گاڑیاں اور رکشے سکیورٹی تھریٹ نہیں؟چند ہفتے پہلے چائنیز نے بھی بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا تھا۔
بدقسمتی کی انتہا ہے کہ پنجاب کی ٹریفک پولیس آوورآل جبکہ لاہور ٹریفک پولیس خاص طور پر ناجائز پارکنگ مافیا کے خاتمے کی بجائے انکو سپورٹ کرنے سے باز نہیں آرہی۔ فلیشر لائٹ کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جارہی۔ سڑکوں بازاروں اور عام گلیوں میں بھی ناجائز پارکنگ سٹینڈ بن چکے ہیں۔ چوک چوراہوں اور بیچ سڑک پارکنگ اور تجاوزات مافیا کا راج ہے۔سنئیر صحافی مجیب الرحمٰن شامی، سلمان غنی، حسین پراچہ، نوید چوہدری، محمد مہدی سمیت اکثریت کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ایسا کام ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ ایک صحافی نے پوچھا کہ کیا اقبال ٹاؤن، گرین ٹاؤن اور ٹاؤن شپ لاہور کا حصہ نہیں وہاں تو تجاوزات ویسے کی ویسے ہیں۔ میں نے انہیں اپنی مثال دی کی میری رہائش احمد بلاک گارڈن ٹاؤن ہے میں چھے دفعہ راجہ مارکیٹ اور برکت مارکیٹ گارڈن ٹاؤن تجاوزات کی ویڈیوز بھیج چکا ہے۔ ویڈیو کے فوری بعد ڈپٹی کمشنر تجاوزات ہٹوا دیتے ہیں لیکن ٹھیک دو چار گھنٹے بعد ساری تجاوزات واپس آجاتی ہیں۔ ماضی کی حکومت میں اتنے جعلی آپریشن ہوئے ہیں کہ اب تجاوزات مافیا کو قانون کا ڈر ہی نہیں رہا۔
میڈم وزیراعلیٰ کو سمجھنا چاہئے کہ بیوروکریسی ایک دفعہ کا فوٹو شوٹ کرکے جعلی کارگردگی شو کر رہی ہے۔ جو تجاوزات چھے دفعہ شکایت کرنے کے بعد واپس آگئیں باقی علاقوں کا کیا حال ہوگا۔ گذشتہ دنوں راولپنڈی جانے کا اتفاق ہوا تو ایسا لگا کا تجاوزات کے ہیڈ آفس آگیا ہوں۔
آج کل اتنی شادیاں اٹینڈ کرنا پڑ رہی ہیں کہ پورے پنجاب کے کئی چکر لگ چکے ہیں۔ ذاتی مشاہدے کی روشنی میں کہا جا سکتا ہے کہ خانیوال، خوشاب، بہاولپور سیالکوٹ، گجرات، چکوال اور اوکاڑہ کے اضلاع میں حکومتی رٹ ختم ہوچکی ہے، ہر طرف گندگی جبکہ فوٹو شوٹ کے بعد تجاوزات وہیں کی وہیں ہیں۔
معروف کالم نویس حسین پراچہ کا کہنا تھا کہ بار بار تجاوزات ہٹانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ سرکاری جگہوں پر قبضے کرنے والوں کو بھاری جرمانے اور سزائیں دینے سے ہی قانون کی رٹ بحال ہوگی۔ صحافیوں کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سٹیٹ لینڈ کی حفاظت اور تجاوزات کے خاتمے کے مشن میں اپنے اراکین پارلیمنٹ کو ناراض کرکے اس مشن کو چلائے ہوئے ہیں اب بیوروکریسی کو بھی شرم کرنی چاہئے کہ قانون پسند وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا ساتھ دیں نہ کہ تجاوزات مافیا کا۔ بہاولپور سے تعلق رکھنے والے ایک صحافی کا کہنا تھا کہ ہمارا ڈپٹی کمشنر تو تجاوزات ہٹوانے میں رتی برابر ا سیریس نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے گزارش ہے تجاوزات کا خاتمہ آپکی جرات اور حب الوطنی کی پہچان بن چکا ہے۔تجاوزات فری پنجاب مریم نواز کا ٹریڈ مارک ہونا چاہئے۔سٹیٹ لینڈ کی حفاظت کا جو بیڑا مریم نواز نے اٹھایا ہے اس کیلئے پنجاب کا ہر فرد وزیراعلیٰ کے ساتھ ہے۔ اس نیک کام کو روکنے کیلئے تجاوزات کی کمائی کھانے والے چند سیاستدان اور سرکاری ملازم پورا زور لگا رہے ہیں کہ انکی حرام کمائی کا ذریعہ بند نہ ہو لیکن میڈم وزیراعلیٰ آپ نے ثابت قدم اور مضبوط رہنا ہے انشاء اللہ آپ کا یہ کارنامہ تاریخ کا روشن باب ہوگا۔
میڈم وزیراعلیٰ آپ اپنی اپیکس کمیٹی کی میٹنگ سے اندازہ لگا لیں کہ وہاں بھی کچھ لوگ تجاوزات کے خلاف ایکشن میں نرمی کا کہہ کرحقیقت میں تجاوزات مافیا کو سپورٹ کرنا چاہ رہے تھے لیکن آپ کی استقامت اور دوراندیشی کو سلام کہ آپ نے سمپل جواب دے کر سب کا منہ بند کروادیا کہ تجاوزات کے خلاف ایکشن ریاست کے مفاد میں ہے؟ اگر ریاست کے مفاد میں ہے تو جاری رہے گا، مجھے کسی کی ناراضگی کی پرواہ نہیں میرے لیے اس مٹی کی حفاظت زیادہ عزیز ہے۔ میڈم وزیراعلیٰ آپ نے 70ہزار ارب کی سٹیٹ لینڈ کو ریکور کروا کر پاکستان کو اندرونی اور بیرونی قرضوں سے نجات دلانی ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کی ٹریفک پولیس پارکنگ مافیا کی بی ٹیم بن چکی ہیں۔ ٹریفک پولیس میں سخت بھل صفائی کی ضروت ہے۔
حکومت دہشت گردوں ، سہولت کاروں کے خلاف بلاتفریق آپریشن کرے.حافظ خالد نیک
پاکستان میں کاروباری اعتماد میں بتدریج اضافہ ہوا،گیلپ سروے