پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی خوشدل شاہ نے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی اپنے لیے کرکٹ نہیں کھیلی، اور اگر وہ اپنے اسکور کے لیے کھیلتے تو آج ان پر کی جانے والی تنقید کا سامنا نہ ہوتا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 60 رنز سے شکست کے بعد مکسڈ زون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خوشدل شاہ نے اپنی کارکردگی اور اس میچ کے حوالے سے اہم باتیں شیئر کیں۔خوشدل شاہ نے کہا، "شروع میں فخر کے نہ ہونے کی وجہ سے ہمارا آغاز اچھا نہیں ہو سکا۔ چاہے جو بھی درکار رن ریٹ ہو، میں وکٹ کی پرواہ کیے بغیر ہمیشہ ٹیم کے لیے بہتر سے بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔” انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ اپنی بیٹنگ کے دوران اس بات پر توجہ دیتے ہیں کہ ٹیم کے لیے کیا بہتر ہو سکتا ہے۔
خوشدل شاہ کا کہنا تھا، "آج بھی میری کوشش یہی تھی کہ ٹیم کے لیے بہترین کروں۔ نسیم شاہ سے یہی بات ہو رہی تھی کہ اگر ہم آخری اوور تک گئے تو میچ ہمارے ہاتھ میں ہوگا۔ میں نے کبھی بھی اپنے لیے کرکٹ نہیں کھیلی، اگر میں اپنے اسکور کے لیے کھیل رہا ہوتا تو آج پرچی پرچی کی آواز نہ لگتی۔ لوگ تو مجھ پر دو سال سے آوازیں لگا رہے ہیں، اب تو یہ عادت بن چکی ہے، اور اب تو میں کہتا ہوں کہ اور آوازیں لگاؤ۔”انہوں نے مزید کہا کہ "ہوم گراؤنڈ پر کھلاڑی کو انجوائے کرنے کا موقع ملنا چاہیے، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ کھلاڑی کو تنقید کا سامنا ہو۔” خوشدل شاہ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ کھلاڑیوں کے لیے غلط نعرے لگنا برا لگتا ہے، لیکن انہوں نے کہا کہ وہ اس صورتحال کو انجوائے کر رہے ہیں اور اسے ہینڈل کر سکتے ہیں۔
خوشدل شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہو رہی ہے اور عوام کو چاہیے کہ وہ اپنی ٹیم اور کھلاڑیوں کی بھرپور حمایت کریں۔ "لوگوں کو چاہیے کہ ٹیم اور پلیئرز کو بیک کریں، ڈومیسٹک کرکٹ میں میری پرفارمنس سب کے سامنے ہے۔” انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب وہ ٹیم سے ڈراپ ہوئے تھے تو انہوں نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ وہ اتنا اچھا کم بیک کریں گے کہ کسی کو شک نہ ہو۔خوشدل شاہ نے بتایا کہ "چھٹے یا ساتویں نمبر پر کھیلنا ایک کھلاڑی کے لیے سخت چیلنج ہوتا ہے، اور میں کبھی ایسی صورتحال میں نہیں آیا جب ٹیم مشکل میں نہ ہو۔” ان کا کہنا تھا کہ ان کے لیے اپنی پوزیشن پر کھل کر کھیلنا اور اس کے نتائج کو قبول کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ "آج ہم چالیس فیصد گیم میں واپس آ گئے تھے، لیکن اس کے بعد وکٹ نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات پیش آئیں۔ ہمارا فوکس ہمیشہ یہی ہوتا ہے کہ ہم میچ کس طرح جیتیں، اور آج یہ میچ ہمارے ہاتھ سے نکل گیا۔ لیکن ہم آگے کی جانب اپنے کھیل میں بہتری لانے کی کوشش کریں گے تاکہ میچ کو اچھے انداز میں ختم کیا جا سکے۔”
نیوزی لینڈ سے شکست،مبشر لقمان نے پی سی بی،پاکستانی کھلاڑیوں کو آئینہ دکھا دیا
چیمپئنز ٹرافی ، افتتاحی میچ میں پاکستان کی شکست، سوشل میڈیا پر بابر اعظم سمیت ٹیم پر تنقید







