کراچی،باغی ٹی وی(نمائندہ خصوصی) منظور کالونی، لیاری بن گئی، روزانہ وارداتیں، عوام کے رکھوالے غائب

تفصیل کے مطابق کراچی کے علاقے منظور کالونی میں اسٹریٹ کرائم کا جن بے قابو ہو گیا، روزانہ کی بنیاد پر شہری لٹنے لگے جبکہ پولیس کی خاموشی مجرمانہ غفلت کی عکاسی کر رہی ہے۔

ایک شہری محمد عثمان جو منظور کالونی عوامی چوک ہل ٹاؤن گلی نمبر 8 کا رہائشی ہے نے بتایا کہ 20 جنوری کی صبح 8:30 بجے جب وہ ملازمت کے لیے جا رہے تھے تو دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے گن پوائنٹ پر روک کر ان سے موبائل اور نقدی چھین لی۔

اسی طرح 9 فروری بروز اتوار سہ پہر 3 بجے جب وہ اپنے دوست سے ملاقات کے بعد گھر واپس آ رہے تھے تو گلی نمبر 2 کے قریب گجر نالے کے پاس ایک موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے ایڈریس پوچھنے کے بہانے انہیں روکا اور اسلحہ دکھا کر موبائل چھین کر فرار ہو گئے۔

محمد عثمان کے مطابق اب تک علاقے میں 12 سے 13 وارداتیں ہو چکی ہیں، لیکن نہ کوئی کارروائی ہو رہی ہے اور نہ ہی پولیس متاثرین کی داد رسی کر رہی ہے۔ شہریوں میں خوف و ہراس بڑھ رہا ہے مگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر پولیس کی ملی بھگت یا غفلت کے باعث علاقے میں نصب اسٹریٹ لائٹس بھی جرائم پیشہ عناصر نے توڑ پھوڑ کر تاریں چرا لی ہیں، جس کے باعث پورا علاقہ اندھیرے میں ڈوب چکا ہے۔ اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کو وارداتیں کرنے کی کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے۔

اہلِ علاقہ اور سماجی حلقوں نے حکومت اور پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، علاقے میں اسٹریٹ لائٹس بحال کی جائیں اور پولیس گشت بڑھایا جائے تاکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

Shares: