ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں بڑے ترقیاتی منصوبے، بشمول موٹرویز، کالجز، یونیورسٹیز، ہسپتال اور دانش اسکول، ن لیگ کی قیادت کے ویژن کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "قاتل روڈ” کے نام سے مشہور سڑک، جو ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام کے لیے سہولت کا باعث بنے گی، ن لیگ کا ایک اور تحفہ ہے، جس پر 121 ارب روپے لاگت آئے گی۔ علاوہ ازیں، ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ کو فعال بنانے کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، یوں دونوں منصوبے مجموعی طور پر 123 ارب روپے میں مکمل ہوں گے۔ ان منصوبوں کا افتتاح وزیراعظم میاں شہباز شریف 22 فروری کو خود کریں گے۔
رانا ثناء اللہ نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے عوام کی دیرینہ ضرورت تھے، مگر گزشتہ چار سالہ دورِ حکومت میں انہیں نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پہلے بھی ترقیاتی کام کر چکی ہے اور اب ایک بار پھر خطے کی ترقی کے لیے سرگرم ہے۔
پنجاب حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں حکومت ہیومن ڈیولپمنٹ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ عام آدمی کو آسان کاروبار، اپنی چھت، کسان کارڈ، مینارٹی کارڈ اور گرین ٹریکٹر جیسے منصوبے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان کو بھی ان ترقیاتی پروگراموں میں زیادہ حصہ دیا جائے گا۔
بلوچستان کے بارکھان واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ دہشت گردی ہے، جس کے پیچھے پاکستان دشمن عناصر ہیں۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہے ہیں اور ان کا جلد خاتمہ ہوگا۔
مریم نواز کے ممکنہ وزیراعظم بننے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ فیصلہ عوام اور پارٹی کرے گی، لیکن مریم نواز کی محنت اور عوامی خدمت انہیں مزید عزت بخشے گی۔
قبل ازیں، رانا ثناء اللہ نے سرکٹ ہاؤس میں مقامی پارلیمنٹرینز اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم کے متوقع دورے اور ترقیاتی منصوبوں پر مشاورت کی گئی۔ مقامی قیادت نے عوامی مسائل اور ترقیاتی تجاویز بھی پیش کیں۔ رانا ثناء اللہ نے یقین دلایا کہ وزیراعظم کے دورے میں ڈیرہ غازی خان کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے گا، جو علاقے کے بنیادی مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوگا۔