کوئٹہ(باغی ٹی وی) شعبان میں دہشت گردی کی کوشش ناکام، فائرنگ کے تبادلے میں 2 پولیس اہلکار شہید، 4 دہشت گرد ہلاک
کوئٹہ کے نواحی علاقے شعبان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 بہادر پولیس اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔
پولیس کے مطابق جمعرات کی شب تفریحی مقام شعبان میں دہشت گردوں نے بھاری اسلحے سے لیس ہو کر حملے کی کوشش کی مگر سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری اور جرات مندانہ کارروائی کرتے ہوئے ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے سپاہی محمد رمضان اور شمس الاسلام جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ سپاہی آصف رضا زخمی ہوگئے۔
واقعے کے بعد علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا تاکہ مزید دہشت گردوں کی موجودگی کو یقینی طور پر ختم کیا جا سکے۔
دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے کیچی بیگ سکندر آباد میں ایک مبینہ خودکش بمبار اپنے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی دھماکے میں ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق بمبار کسی مقام پر دہشت گردی کی نیت سے جا رہا تھا مگر راستے میں ہی دھماکا ہو گیا جس میں وہ خود ہی مارا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس ، سیکیورٹی ادارے، سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کیے۔ مبینہ خودکش بمبار کے اعضا ڈی این اے ٹیسٹ اور نادرا تصدیق کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں تاکہ اس کی شناخت اور ممکنہ نیٹ ورک کا پتہ لگایا جا سکے۔
کوئٹہ میں یکے بعد دیگرے دہشت گردی کے ان واقعات کے بعد شہر بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شہید ہونے والے اہلکاروں کی قربانی قوم کے دہشت گردی کے خلاف عزم کی علامت ہے۔








