بھارتی کرکٹر یزویندر چہل اور ان کی اہلیہ دھنا شری ورما کے درمیان علیحدگی کے حوالے سے اہم معلومات منظر عام پر آئی ہیں۔ گزشتہ کچھ مہینوں سے ان کی طلاق کی خبریں سوشل میڈیا پر زیر گردش تھیں، تاہم دونوں میں سے کسی نے بھی اس معاملے پر کھل کر بات نہیں کی۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق، دونوں باضابطہ طور پر علیحدہ ہو چکے ہیں اور اس فیصلے کے پیچھے مختلف وجوہات سامنے آئی ہیں۔

یزویندر چہل اور دھنا شری ورما کی علیحدگی کی کارروائی کی آخری سماعت اور تمام ضروری قانونی مراحل باندرہ فیملی کورٹ میں طے پائے، جہاں دونوں افراد ذاتی طور پر موجود تھے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، جج کی ہدایت پر دونوں کے درمیان تقریباً 45 منٹ تک مشاورت کا سلسلہ جاری رہا، جس کے بعد جج کو آگاہ کیا گیا کہ دونوں فریقین باہمی رضامندی سے علیحدگی چاہتے ہیں۔ذرائع کے مطابق، چہل اور دھنا شری گزشتہ 18 ماہ سے الگ رہ رہے تھے۔ جب دونوں سے طلاق کی وجوہات پوچھی گئیں تو انہوں نے کہا کہ ان کے درمیان ہم آہنگی کے مسائل تھے، جس کی وجہ سے دونوں کے درمیان رشتہ قائم رکھنا مشکل ہو گیا تھا۔

دونوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنے جذبات کا اظہار بھی کیا تھا۔ یزویندر چہل نے چند روز قبل ایک پوسٹ شیئر کی جس میں لکھا تھا، "خدا نے مجھے بے شمار بار بچایا ہے، میں تصور بھی نہیں کر سکتا کہ کتنی بار مجھے ایسی مشکلات سے نکالا گیا ہوگا جن کا مجھے علم بھی نہیں تھا۔” اس کے ساتھ ہی دھنا شری نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پیغام شیئر کیا جس میں کہا، "کیا یہ حیرت انگیز نہیں کہ خدا کس طرح ہماری فکروں اور آزمائشوں کو برکت میں بدل سکتا ہے؟ اگر آج آپ کسی چیز کے بارے میں پریشان ہیں، تو جان لیں کہ آپ کے پاس ایک انتخاب ہے، یا تو آپ پریشان رہ سکتے ہیں یا پھر سب کچھ خدا کے سپرد کر کے ہر چیز کے لیے دعا کا انتخاب کر سکتے ہیں۔”

یہ واقعہ دونوں کی زندگی میں ایک نیا باب شروع ہونے کی علامت ہو سکتا ہے، اور دونوں کے علیحدہ ہونے کے فیصلے نے ان کے مداحوں کو حیرانی میں ڈال دیا ہے۔

Shares: