اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار، رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران عوام کو کم قیمتوں پر چینی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔رانا تنویر حسین نے اجلاس میں بتایا کہ عوام کو رمضان کے مہینے میں سستی اور معیاری چینی فراہم کرنے کے لیے صوبوں کے تعاون سے مختلف اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو میونسپل سطح پر چینی کے سٹالز لگانے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
اعلامیہ کے مطابق، سندھ میں صوبائی حکومتوں کے تعاون سے 230 شوگر اسٹالز لگائے جائیں گے، جبکہ خیبرپختونخوا میں چینی کے سٹالز کے لیے 405 سیلنگ پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ پنجاب اور بلوچستان میں بھی چینی کے سٹالز قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو ان کی ضرورت کے مطابق چینی دستیاب ہو سکے۔اس موقع پر رانا تنویر حسین نے کہا کہ میونسپل سطح پر سٹالز کی سیٹ اپ کی ذمہ داری صوبائی حکومتوں کو سونپی گئی ہے۔ ان سٹالز پر سیکورٹی، صفائی اور ہجوم کے انتظام کے لیے صوبائی حکومتیں اقدامات اٹھائیں گی۔
وزیر صنعت و پیداوار نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے آخری ایام میں یعنی 27 رمضان تک ان سٹالز پر چینی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ چینی کی قیمت 130 روپے فی کلو رکھی گئی ہے تاکہ عوام کو سستی چینی فراہم کی جا سکے۔رانا تنویر حسین نے اس بات پر زور دیا کہ میونسپل سطح پر سٹالز قائم کرنے کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا اور ان کی مشکلات کو کم کرنا ہے۔ حکومت کسی بھی ممکنہ مسائل کے حل کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے گی تاکہ عوام کو چینی کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔








