سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ پنجاب اربن لینڈ سسٹمز انہاسمنٹ پراجیکٹ کے تحت ضلع سیالکوٹ کے 560 موضع جات میں زمین کی تقسیم کا عمل 30 اپریل تک جاری رہے گا۔ اس دوران حکومت پنجاب کی جانب سے مشترکہ کھیوٹ کی تقسیم مالکان کی باہمی رضامندی سے کی جا رہی ہے، جس سے ملکیتی تنازعات اور قانونی پیچیدگیوں کا خاتمہ ممکن ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے تحت اراضی ریکارڈ کو ڈیجیٹل نقشے سے منسلک کر کے محفوظ بنایا جائے گا، جس سے خاص طور پر خواتین کے وراثتی حقوق کا تحفظ یقینی ہوگا۔ انہوں نے یہ بات ریونیو افسران کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مظفر مختار، اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ وہ زمین کی تقسیم کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی مرحلے میں صرف آن لائن ونڈا جات کی تقسیم کی جا رہی ہے، جبکہ سٹی سروے کے لیے پرائیویٹ پارٹنرز ہائر کیے گئے ہیں جو لاجسٹک سپورٹ فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے سول کورٹس میں زیر التوا مقدمات میں نمایاں کمی آئے گی اور زمین سے متعلق تنازعات حل ہوں گے۔

Shares: