اوچ شریف,باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیبخان) تھانہ مسافرخانہ پولیس کی بڑی کارروائی، چوری، ڈکیتی اور سرقہ بالجبر کی وارداتوں میں ملوث خطرناک سعید کٹانہ گینگ کے سرغنہ سمیت 6 ملزمان گرفتار، 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا ڈکیتی و چوری شدہ سامان برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر رائے بابر سعید اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسد سرفراز خان کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ مسافرخانہ محسن سردار نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر کامیاب کارروائی کی۔ پولیس نے چھاپہ مار کر گینگ کے 6 ارکان کو گرفتار کر لیا، جن سے 5 ٹریکٹر، 5 موٹر سائیکل اور 10 لاکھ روپے نقد برآمد کیے گئے۔ ملزمان سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ، بشمول MP5 رائفل اور 30 بور کے 2 پسٹل بھی برآمد کیے گئے۔
ایس ڈی پی او صدر سرکل بہاولپور کے مطابق ملزمان بہاولپور، مسافرخانہ، احمد پور شرقیہ اور یزمان کے علاقوں میں رات کے وقت لوٹ مار کی وارداتیں کرتے تھے۔ مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او بہاولپور اسد سرفراز خان نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی۔ علاقہ مکینوں نے پولیس کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے اظہار تشکر کیا۔