لنڈی کوتل(باغی ٹی وی ) طورخم بارڈر پر پاک افغان فورسز کے درمیان کشیدگی تاحال برقرار ہے، جس کے باعث ہر قسم کی آمدورفت اور تجارتی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق کشیدگی کا آغاز گزشتہ رات اس وقت ہوا جب افغان فورسز نے سرحدی حدود کے متنازع علاقے میں چیک پوسٹ تعمیر کرنے کی کوشش کی۔ پاکستانی فورسز کی جانب سے تعمیراتی کام روکنے پر افغان اہلکاروں نے مورچے سنبھال لیے، جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی۔

سرحدی تناؤ کے باعث سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ طورخم گیٹ کو دونوں جانب سے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ بارڈر ذرائع کے مطابق تجارتی سرگرمیوں کی معطلی سے درجنوں مال بردار گاڑیاں پھنس گئی ہیں اور دونوں اطراف سے پیدل آمدورفت بھی معطل ہے، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اس کشیدہ صورتحال میں افغان فورسز بدستور متنازع علاقے میں تعمیراتی کام پر بضد ہیں، جبکہ پاک افغان دوستی اسپتال بھی بند کر دیا گیا ہے۔ مسافر اور تاجر گیٹ کھلنے کے منتظر ہیں، تاہم کشیدگی میں تاحال کمی نہیں آئی۔

یاد رہے کہ ماضی میں بھی طورخم بارڈر پر ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں، جن سے نہ صرف سفارتی تعلقات متاثر ہوتے ہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

Shares: