سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) پولیس نے ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گینگ کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان، نقدی، موٹر سائیکلیں اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ڈی ایس پی صدر سرکل کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ ہیڈ مرالہ سب انسپکٹر خاور الطاف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گینگ کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان میں محمد عمران عرف مانو ولد قاسم علی (مسن کالر، کالا شاہ کاکو، شیخوپورہ)، رمضان عرف جانو ولد مقصود احمد (جاجو پور، پسرور، سیالکوٹ)، اور غلام عباس عرف فانا ولد بابر حسین (رنگپور سروچیاں) شامل ہیں۔ یہ گینگ شہر میں ڈکیتی اور چوری کی 29 وارداتوں میں ملوث تھا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 2 لاکھ 80 ہزار روپے نقدی، 4 عدد موٹر سائیکلیں، سرجیکل کا سامان، پانی کی الیکٹرک موٹر، 2 بیٹریاں اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا 30 بور کے 2 پسٹل بمعہ متعدد گولیاں برآمد کر لیں۔
ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے پولیس ٹیم کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے تمام افسران و اہلکاروں کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام کا اعلان کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔