باغی ٹی وی.پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دہائیوں سے معطل براہ راست تجارتی تعلقات بحال ہوگئے ہیں، جس کے تحت پہلی سرکاری سطح پر منظور شدہ تجارتی کھیپ پورٹ قاسم سے روانہ کر دی گئی۔ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی علامت ہے اور دوطرفہ تجارت کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔
بنگلہ دیش نے پاکستان سے 50 ہزار ٹن چاول خریدنے کا معاہدہ کیا ہے جو ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے طے پایا۔ اس معاہدے کے تحت چاول کی برآمد دو مراحل میں مکمل کی جائے گی۔ پہلی کھیپ جو 25 ہزار ٹن پر مشتمل ہے پہلے ہی روانہ کی جا چکی ہے، جبکہ دوسری کھیپ مارچ کے اوائل میں بھیجی جائے گی۔ یہ معاہدہ فروری کے آغاز میں دونوں ممالک کے درمیان طے پایا تھا، جس کے بعد پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کا جہاز پہلی بار سرکاری سطح پر تجارتی سامان لے کر بنگلہ دیشی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگا۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارتی تعلقات کی بحالی میں بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کی پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی مفاہمتی پیشکش نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ شیخ حسینہ واجد کے وزارتِ عظمیٰ سے ہٹنے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آنے لگی، جس کا عملی مظاہرہ براہ راست تجارت کے آغاز کی صورت میں سامنے آیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ براہ راست شپنگ روٹس کے قیام سے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارتی تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔ اس کے علاوہ پاکستانی چاول کی برآمد کے بعد دیگر مصنوعات کے لیے بھی بنگلہ دیشی مارکیٹ میں مانگ بڑھنے کا امکان ہے۔ بنگلہ دیش کی عوام نے بھی اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان مزید تجارتی مواقع پیدا ہوں گے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارتی تعلقات کی بحالی جنوبی ایشیا میں معاشی ترقی اور استحکام کے لیے مثبت قدم ثابت ہوسکتا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس تجارتی پیش رفت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں مزید معاہدے ہونے کی توقع ہے جو خطے میں اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔