اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگار حبیب خان) تاریخی شہر اوچ شریف میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ پولیس تاحال مجرموں کو پکڑنے میں ناکام ہے۔ چھت پھاڑ چور گینگ ایک بار پھر سرگرم ہوگیا اور پولیس کو چیلنج کرتے ہوئے تھانہ اوچ شریف کے قریب ہی ایک بڑی واردات کر ڈالی۔
خیرپور ڈاہا روڈ پر واقع شاہد الیکٹریشن کی دکان کی چھت پھاڑ کر نامعلوم چور لاکھوں روپے مالیت کی 7 قیمتی بجلی کی موٹریں اور ایک بنڈل بجلی کی تار چوری کر کے فرار ہوگئے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ یہ واردات اس علاقے میں ہوئی جہاں پولیس کی موجودگی عام ہے، مگر اس کے باوجود مجرموں کو روکنے والا کوئی نہیں تھا۔
مقامی تاجروں اور شہریوں نے پولیس کی مسلسل ناکامی پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ پولیس حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر پولیس اور متعلقہ ادارے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی نہیں کرتے تو کاروبار کرنا ناممکن ہو جائے گا، اور شہریوں کو اپنی حفاظت کے لیے خود اقدامات کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔
اوچ شریف کے تاجروں نے عندیہ دیا ہے کہ اگر چوری کی بڑھتی وارداتوں پر قابو نہ پایا گیا اور سیکیورٹی کے مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو وہ اپنی دکانیں بند کر کے احتجاج کریں گے۔
پولیس کے مطابق واردات کی تحقیقات جاری ہیں اور جلد چوروں کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس ماضی میں بھی محض بیانات دیتی رہی ہے اور عملی اقدامات نظر نہیں آئے۔
اوچ شریف کے عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور پولیس کو مؤثر کارروائی کے احکامات جاری کیے جائیں، تاکہ شہری اور تاجر خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔







