گورنمنٹ گرلز ملی دارالاطفال ہائی سکول راجگڑھ میں تہذیبی و ثقافتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے کلچرل فیسٹیول کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا گیا۔ اس فیسٹیول کا مقصد طالبات میں ثقافت، زبان، اور اپنے روایات سے محبت کا جذبہ پیدا کرنا تھا۔ تقریب کی سرپرستی سکول کی پرنسپل ڈاکٹر شوکت نے کی اور اس میں طالبات کو مختلف ثقافتی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا گیا۔
تقریب کا آغاز طالبات کی جانب سے رنگین لباس میں شرکت سے ہوا، جس میں انہوں نے پاکستانی کلچر اور ثقافت کو اپنے لباس اور انداز سے نمایاں کیا۔ اس موقع پر کھانے کے اسٹالز بھی لگائے گئے، اور ثقافتی ٹیبلوز بھی پیش کیے گئے، جن میں ہماری ثقافت اور روایات کی جھلک دکھائی گئی۔
ڈاکٹر شوکت نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "یہ کلچرل فیسٹیول ہمارے تعلیمی ادارے کا ایک اہم حصہ ہے اور آئندہ بھی اس طرح کی ثقافتی اور صحت مندانہ سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔” انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی زبان و ادب، یہاں کے رسم و رواج اور رہن سہن کے منفرد انداز صدیوں پرانے ہیں اور یہ ہماری ثقافت کا قیمتی حصہ ہیں۔ یہاں کے لوک گیت باہمی پیار و محبت اور یگانگت کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔

پرنسپل ڈاکٹر شوکت نے کلچر ڈے منانے کے مقصد کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ "ہماری کوشش ہے کہ نئی نسل کو اپنی ثقافت سے روشناس کرایا جائے اور اپنے کلچر، ادب، علاقے اور وطن سے محبت کے جذبات کو اجاگر کیا جائے۔” اس فیسٹیول کے ذریعے طالبات نے نہ صرف اپنے ثقافتی ورثے کا جشن منایا بلکہ اپنے اندر چھپے ہوئے ہنر و صلاحیتوں کو بھی منظر عام پر لایا۔
تقریب کے دوران طالبات کا جوش و جذبہ قابل دید تھا اور ان کی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کو ہر طرف سراہا گیا۔ اس دن کا ہر لمحہ یادگار رہا اور اسکول کی کمیونٹی نے اسے ایک کامیاب کلچرل ایونٹ کے طور پر یاد رکھا۔

















