باغی ٹی وی:ملک بھر میں شدید بارشوں اور برفباری کے باعث پیش آنے والے بارش کے باعث مختلف حادثات میں 2 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ خاتون اور متعدد زخمی ہوگئے۔ شدید موسم کے باعث کئی علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، رابطہ سڑکیں بند اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں موسلا دھار بارش کے باعث ایک کچے مکان کی چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں دو کمسن بہن بھائی جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کی والدہ اور دو دیگر بچے زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

آزاد کشمیر کے علاقے وادی نیلم میں برفانی تودہ گرنے سے تین افراد دب کر جاں بحق ہوگئے۔ شدید برفباری کے باعث علاقے میں امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ مزید برفانی تودے گرنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اٹک میں مسلسل بارشوں کے بعد سڑک پر پھسلن پیدا ہو گئی، جس کے باعث ایک مسافر بس بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ نو مسافر زخمی ہو گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا۔

پشاور کے علاقے کوہاٹ روڈ پر شدید بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں چار بچے زخمی ہوگئے۔ مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں انجام دیں اور زخمی بچوں کو ہسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

گلیات میں ہونے والی برفباری کے بعد سڑکوں پر شدید پھسلن پیدا ہوگئی، جس کے نتیجے میں کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم درجنوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارشیں اور آندھی کا سلسلہ جاری رہا۔ چمن میں تیز آندھی کے باعث گھروں کی دیواریں اور بجلی کے کئی کھمبےگر گئے، جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پنجاب کے مختلف شہروں شیخوپورہ، فاروق آباد، رینالہ خورد، کلورکوٹ، شرقپور شریف اور دیگر علاقوں میں شدید بارش کے باعث جل تھل ایک ہوگیا۔ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔

ملک بھر میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Shares: