اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) شہر اور گردونواح میں پیشہ ور بھکاریوں کی یلغار، خصوصاً خوبرو نوجوان بھکارنیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے شہریوں کو پریشان کر دیا۔ مارکیٹوں، بازاروں اور گلی کوچوں میں علی الصبح ہی ان کا راج قائم ہو جاتا ہے، جہاں یہ خواتین نہ صرف بھیک مانگتی ہیں بلکہ نوجوانوں کو بے راہ روی کی طرف مائل کرنے کا ذریعہ بھی بن رہی ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اوچ شریف اور ملحقہ علاقوں میں بھیک مانگنے والوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، جس کے باعث بازاروں میں خریداری کرنے آنے والے شہری، خاص طور پر خواتین، شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ گاہکوں سے پہلے ہی بھکاری مارکیٹوں میں پہنچ جاتے ہیں، جس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گداگری کے نام پر چلنے والا یہ دھندہ محض بھیک مانگنے تک محدود نہیں رہا بلکہ بعض نوجوان بھکارنیوں کے گروہ غیر اخلاقی سرگرمیوں میں بھی ملوث ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق یہ خواتین بھیک مانگنے کی آڑ میں نوجوانوں کو گناہ کی دعوت دیتی ہیں، جس سے نوجوان نسل بے راہ روی کا شکار ہو رہی ہے۔ کئی مقامات پر بھکاری خواتین اور ان کے ساتھ موجود چھوٹے بچے مشکوک سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں، لیکن انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

شہریوں نے شکایت کی ہے کہ مقامی پولیس، اسپیشل برانچ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ان عناصر کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ شہریوں کے مطابق گداگری ایکٹ پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث یہ پیشہ ور گروہ دن بدن مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔

عوامی حلقوں نے کمشنر بہاولپور، آر پی او بہاولپور، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں بڑھتی ہوئی گداگری، منشیات فروشی اور فحاشی میں ملوث گروہوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور گرینڈ آپریشن کے ذریعے پیشہ ور بھکاریوں کا خاتمہ کیا جائے، تاکہ شہری بلا خوف و خطر خریداری کر سکیں اور نوجوان نسل اخلاقی گراوٹ سے محفوظ رہ سکے۔

Shares: