باغی ٹی وی :ہلدی کی رسم میں بندر کی شرارت، مہمانوں کے اڑ گئے ہوش
بھارت میں شادی بیاہ کی تقریبات خوشیوں، رقص اور قہقہوں سے بھرپور ہوتی ہیں، مگر بعض اوقات کوئی ایسا غیر متوقع مہمان آ دھمکتا ہے جو تقریب کو مزید یادگار بنا دیتا ہے۔ ایسا ہی ایک د لچسپ واقعہ ایک ہلدی کی تقریب میں پیش آیا، جہاں دولہا دلہن پر ہلدی لگانے کی رسم جاری تھی، مہمان موسیقی کی دھن پر جھوم رہے تھے اورمہمان ہاتھ میں لڈوؤں کی پلیٹ تھامے خوش گپیوں میں مصروف تھے کہ اچانک ایک غیر متوقع چور واردات کے لیے نمودار ہوا۔
یہ چور کوئی عام چور نہیں بلکہ ایک ننھا بندر تھا، جو دبے پاؤں کسی ماہر نقب زن کی طرح داخل ہوا۔ اس نے پل بھر میں صورتحال کا جائزہ لیا، نشانہ تاکا اور جھپٹ کر دونوں ہاتھوں میں لڈو بھر لیے، ساتھ ہی ایک منہ میں بھی دبا لیا اور بجلی کی تیزی سے رفوچکر ہوگیا۔ پہلے تو مہمان حیرت اور خوف سے اچھل پڑے مگر جیسے ہی بندر منظر سے غائب ہوا، قہقہے فضا میں گونجنے لگے۔
https://www.instagram.com/p/DGdlqcTTzYs/?utm_source=ig_embed&ig_rid=7575a6a6-18a6-4d52-93b7-999e3c75c242&img_index=1

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے شروع کر دیے۔ کسی نے کہا کہ بندر کو بھی شادی کی خوشیوں میں حصہ چاہیے تھا، تو کسی نے مذاقاً لکھا کہ "یہ ضرور دولہا کے دوستوں میں سے ہوگا!”
یہ منفرد واقعہ شادی کی حسین یادوں کا حصہ بن گیا، جہاں ہلدی کی رسم کے ساتھ "بندر کی شیطانی” بھی ہمیشہ کے لیے نقش ہوگئی۔









