لاہور: رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی پنجاب میں بارشوں کا سلسلہ بھی شروع ہونے والا ہے، جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں بارشوں کے بارے میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 2 سے 4 مارچ کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ ترجمان کے مطابق، ان علاقوں میں موسم خراب ہونے کی صورت میں شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ بروقت امدادی کارروائیاں کی جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ واسا، ریسکیو 1122، محکمہ آبپاشی، لائیو سٹاک اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔پی ڈی ایم اے نے راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، سرگودھا، میانوالی، خوشاب اور منڈی بہاوالدین میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ اس کے علاوہ لاہور، شیخوپورہ، حافظ آباد، گجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ملتان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، بہاولپور، خانیوال، لیہ، بھکر، ساہیوال اور پاکپتن میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ وہ خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم میں 24/7 صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے مزید درخواست کی ہے کہ وہ خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنے قریبی ایمرجنسی مراکز سے رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

Shares: