حافظ آباد (باغی ٹی وی،خبرنگارشمائلہ) ضلع حافظ آباد کے شمال مشرقی علاقے ذرائع آمد و رفت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

سکھیکی منڈی تا حافظ آباد براستہ پنج پلہ، ساون پورہ تا جلال آنہ اور جلال آنہ تا چونترہ براستہ ڈیرہ محمد صادق تک تقریباً 22 سے 23 کلومیٹر طویل سڑکیں انتہائی خستہ حالی کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہو چکی ہے۔ شہریوں، طلبہ، مریضوں اور روزگار کے لیے آنے جانے والوں کو معمولی سفر بھی گھنٹوں میں طے کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ آٹو رکشوں کی کمی اور دگنے کرایوں نے عوام کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔

اگر ان سڑکوں کو بحال کیا جائے تو بھاکا بھٹیاں، کوٹ سرور، خانقاہ ڈوگراں، حافظ آباد اور سکھیکی منڈی کے درمیان فاصلہ کم ہو سکتا ہے جبکہ 500 سے 700 گھروں پر مشتمل دیہاتوں کے رہائشی بھی اس بنیادی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔ عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور سڑکوں کی مرمت کے لیے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

Shares: