پاک فوج نے نیلم ویلی میں برفانی اور مٹی کے تودوں سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کے لیے ایک کامیاب آپریشن مکمل کیا ہے جس سے مقامی آبادی کو بڑی راحت ملی ہے۔ یہ آپریشن اس وقت شروع کیا گیا جب مختلف علاقوں میں برفانی اور مٹی کے تودوں کی وجہ سے سڑکوں کی آمدورفت معطل ہو گئی تھی۔

نکرون سیکٹر میں مرنات اور ہلمت کے درمیان برفانی تودے گرنے سے سڑک کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ پاک فوج نے فوری طور پر برف ہٹانے کا عمل شروع کیا اور سڑک کو دوبارہ کھول دیا، جس سے مقامی عوام کو سفر کی سہولت فراہم کی گئی۔ جام گڑھ سے پھلاوائی کے راستے میں بھی برفانی تودے گرنے کے باعث سڑک بند ہو گئی تھی۔ پاک فوج کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے برف ہٹا کر راستہ کھول دیا اور آمدورفت کو ممکن بنایا۔ کیل سیکٹر میں شیخ بیلہ سے کیل کناری کے درمیان مٹی کے تودے گرنے سے سڑک مکمل طور پر بند ہو گئی تھی۔ پاک فوج نے فوری طور پر مٹی کے تودے کو ہٹایا اور سڑک کو دوبارہ قابل استعمال بنایا، تاکہ مقامی افراد کی نقل و حمل کی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔

پاک فوج نے اپنی ضروری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے برف اور مٹی کے تودوں کو ہٹا کر مقامی آبادی کے لیے آمدورفت کے راستے کھولے۔ اس کارروائی کا مقصد عوام کی سہولت اور اشیائے ضروریہ کی بروقت ترسیل کو یقینی بنانا تھا۔مقامی لوگوں نے پاک فوج کے فوری اور موثر اقدامات پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے اور ان کی محنت کی قدر کی ہے، جس سے علاقے میں نقل و حمل کی مشکلات کا خاتمہ ہوا۔ پاک فوج کی یہ کارروائیاں عوامی خدمت اور ملکی استحکام کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو رہی ہیں۔

Shares: