ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی(نامہ نگاراحساں اللہ ایاز) دی نیو رائزن سکول سسٹم ننکانہ میں شعبہ تحفیظ القرآن کے تحت ایک پروقار تقریب "تکریم الحفاظ” منعقد کی گئی، جس میں چار نوجوان حفاظِ کرام کی دستار بندی کی گئی۔
تقریب میں حافظ احمد رضا، حافظ محمود فیصل شاہ، حافظ طلحہ ذیشان، حافظ طحہ نواز کو حفظِ قرآن کی تکمیل پر خصوصی اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں چودھری افتخار احمد، مینجنگ ڈائریکٹر قیصر عرفان چوہدری، صدر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن چودھری حبیب احمد، ڈاکٹر ریحان فاروق، فاروق عبدالحئی، پیر فیصل شاہ، پیر شاہد منیر شاہ، رائے فیصل محمود کھرل، چودھری ذیشان احمد اور چودھری نواز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل تھیں۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ اسکول پرنسپل نے شعبہ تحفیظ القرآن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک کی تعلیم نوجوان نسل کی راہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے۔
مہمانِ خصوصی قیصر عرفان چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن پاک رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے اور اس کی تعلیم معاشرتی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ ڈاکٹر ریحان فاروق نے والدین اور اساتذہ کو نصیحت کی کہ وہ بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ وہ اخلاقی و روحانی ترقی حاصل کر سکیں۔
تقریب کے اختتام پر چاروں حفاظ کرام کی دستار بندی کی گئی اور انہیں اسناد و تحائف پیش کیے گئے۔ شرکاء نے اسکول انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ایسے پروگراموں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔