اوچ شریف، باغی ٹی وی(نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف اور گردونواح میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی مضر صحت، لاغر اور مردہ جانوروں کے گوشت کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ قصائی مافیا انسانی صحت سے کھیلنے میں مصروف ہے، جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ناقص اور زہریلے گوشت کے استعمال سے شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، مگر انتظامیہ کی چشم پوشی کے باعث یہ مکروہ دھندہ کھلے عام جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر بیمار اور مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کیا جا رہا ہے۔ قصائی مافیا دیہی علاقوں سے لاغر اور بیمار جانور انتہائی کم قیمت پر خرید کر ان کے گوشت کو مختلف کیمیکلز کے ذریعے مصنوعی طور پر تازہ بناتے ہیں اور پھر یہ گوشت شہر کی مختلف مارکیٹوں، ہوٹلوں، بیکریوں میں سپلائی کیا جاتا ہے۔
رمضان المبارک میں شہری سحر و افطار میں زیادہ تر گوشت سے بنی اشیاء استعمال کرتے ہیں، لیکن ناقص گوشت کی فروخت کے باعث فوڈ پوائزننگ، معدے کی بیماریاں، یرقان اور دیگر سنگین مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق غیر معیاری گوشت کا استعمال بچوں اور بوڑھوں کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔
عوامی وسماجی حلقے متعلقہ اداروں کی خاموشی پر شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔ لائیو اسٹاک، فوڈ اتھارٹی اور دیگر ذمہ دار ادارے اس غیر قانونی دھندے سے باخبر ہونے کے باوجود کوئی عملی اقدام نہیں کر رہے۔ رمضان المبارک کے دوران بھی مضر صحت گوشت کی فروخت کھلے عام جاری ہے، مگر انتظامیہ بے بس نظر آ رہی ہے۔
اوچ شریف شہر کے مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری، ڈی سی بہاولپور اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر مضر صحت گوشت فروخت کرنے والے عناصر کو سخت سزائیں دی جائیں، ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں اور غیر معیاری گوشت فروخت کرنے والی دکانوں کو فوری طور پر سیل کیا جائے۔