اوکاڑہ (نامہ نگار،ملک ظفر) اوکاڑہ میں قصاب مافیا بے لگام ہو چکا ہے، جس کے سامنے محکمہ لائیو سٹاک اور انتظامیہ بے بس نظر آتی ہے۔ ملگدا چوک، اڈا نتھیں بودلہ اور گردونواح میں بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت ایک ہزار روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اس صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ، محکمہ لائیو سٹاک اور فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کی عدم دلچسپی اور غفلت کے باعث قصاب مافیا سرعام بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت فروخت کر رہا ہے۔ گوشت کی سرکاری ریٹ لسٹ محض کاغذ کا ٹکڑا بن کر رہ گئی ہے، اور ضلعی انتظامیہ دفاتر میں بیٹھ کر سب اوکے کی رپورٹ پیش کر رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مضر صحت گوشت کی فروخت سے ان کی صحت کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کمشنر ساہیوال اور ڈی سی اوکاڑہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول سسٹم کو بہتر بنایا جائے اور قصاب مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ شہریوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار افسران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

Shares: