گوجرانوالہ (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ضلع سیالکوٹ، تحصیل ڈسکہ سٹی کی سیوریج اور سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے 3 منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔ ان منصوبوں پر مجموعی طور پر 62 کروڑ 92 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔
اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عبدالرؤف، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ، ہائی ویز اور پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے افسران شریک ہوئے، جبکہ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شامل رہے۔
منظور شدہ اسکیموں میں اسٹیڈیم روڈ پر سیوریج لائن کی تعمیر کے لیے 12 کروڑ 37 لاکھ، سمبڑیال روڈ فیملی ہسپتال کے سامنے سڑک کی از سر نو تعمیر پر 25 کروڑ 21 لاکھ، جبکہ ڈسکہ سٹی میں شہباز شریف پارک کی تزئین و آرائش کے لیے 25 کروڑ 34 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
کمشنر نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اور متعلقہ محکموں کو منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیاری تعمیراتی سامان کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں، کمشنر نوید حیدر شیرازی اور آر پی او طیب حفیظ چیمہ نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کے ویڈیو لنک اجلاس میں بھی شرکت کی۔