اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان): اوچ شریف اور گردونواح میں ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری اشیائے خورونوش کی فروخت عروج پر پہنچ گئی ہے، جس کے باعث شہریوں کی صحت داؤ پر لگ چکی ہے۔ مقامی بیکریوں، مٹھائی کی دکانوں، دودھ دہی فروشوں اور دیگر کھانے پینے کے مراکز میں ملاوٹ شدہ اشیاء کا کھلے عام استعمال جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق اوچ شریف میں فروخت ہونے والے دودھ، دہی، بیکری آئٹمز، مٹھائی اور دیگر اشیائے خورونوش میں غیر معیاری کوکنگ آئل، ناقص گھی، مصنوعی مٹھاس، کارن سیرپ اور دیگر مضرِ صحت کیمیکلز کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔ بیکریوں میں گندے انڈوں سے کیک، بسکٹ اور دیگر اشیاء تیار کی جا رہی ہیں، جس کے باعث شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ معدے کے امراض، فوڈ پوائزننگ، ہیپاٹائٹس اور دیگر صحت کے مسائل عام ہو گئے ہیں، مگر انتظامیہ کی جانب سے اس خطرناک صورتحال پر کوئی کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔
شہریوں محمد عاقل، رسول بخش، صفدر حسین، طلحہ زبیر خان، انس خان اور دیگر نے شکایت کی ہے کہ اوچ شریف کے مختلف علاقوں چوک، الشمس، خیرپور ڈاہا روڈ، بورڈنگ اسکول موڑ، ٹینکی چوک اور حسینی چوک میں موجود بیکری ورکشاپس میں صفائی ستھرائی کا انتہائی ناقص انتظام ہے۔ ان ورکشاپس سے بدبو اور تعفن اٹھنے کے باعث عوام کا جینا محال ہو گیا ہے، جبکہ بیکری اور مٹھائی کی دکانوں پر ناقص اشیاء کی فروخت جاری ہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق بعض مقامی بیکری مالکان اور مٹھائی فروش اپنی ناقص مصنوعات پر معروف ملٹی نیشنل کمپنیوں کے جعلی لیبل لگا کر فروخت کر رہے ہیں۔ اس فراڈ کے باعث نہ صرف صارفین کو دھوکہ دیا جا رہا ہے بلکہ انہیں مضرِ صحت اشیاء کھانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
اوچ شریف کے عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر ان صحت دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ملاوٹ مافیا کی روک تھام اور معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو متحرک کیا جائے، تاکہ عوام کی صحت محفوظ رہ سکے۔