اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان )ہارٹ اٹیک کی علامات اور ابتدائی طبی امداد، معروف کارڈیالوجسٹ کا عوام کو اہم مشورہ
تفصیل کے مطابق اوچ شریف میں معروف ماہر امراض قلب ڈاکٹر محمد کاشف کامران خان نے ہارٹ اٹیک کی علامات اور فوری طبی امداد کے حوالے سے اہم مشورہ دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہارٹ اٹیک، جسے طبی طور پر مایوکارڈیل انفکشن کہا جاتا ہے، دل کی ایک سنگین حالت ہے جس میں دل میں خون کا بہاؤ بند ہو جاتا ہے۔ خون کے بہاؤ میں جزوی رکاوٹ کی وجہ سے سینے میں درد، جسے عام طور پر انجائنا کہا جاتا ہے، زیادہ شدید ہارٹ اٹیک کی انتباہی علامت ہے، اگر بروقت علاج نہ کیا جائے۔ خون کے جمنے کی وجہ سے خون کے بہاؤ میں مکمل رکاوٹ موت سمیت سنگین نتائج کا سبب بن سکتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اگر کسی شخص کو اچانک سینے میں دباؤ یا درد محسوس ہو، جو بائیں بازو یا گردن تک پھیلنے لگے، پسینہ آئے، رنگ زرد پڑ جائے، سانس لینے میں دشواری ہو یا سینے پر بوجھ محسوس ہو، تو یہ ہارٹ اٹیک کی ممکنہ علامات ہیں۔
ایسی صورتحال میں فوری طور پر درج ذیل اقدامات کریں
🔹 ایک گولی ڈسپرین (Disprin) چبا کر نگل لیں۔
🔹 زبان کے نیچے Angised (انجی سڈ) ٹیبلٹ رکھ لیں۔
🔹 سینے کے بائیں جانب Deponit NT5 سکن پیچ لگا لیں۔
ڈاکٹر کاشف کے مطابق اس ابتدائی طبی امداد کی مجموعی لاگت تقریباً 50 سے 60 روپے بنتی ہے، لیکن یہ ہسپتال پہنچنے تک مریض کی جان بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
انہوں نے 40 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی ہارٹ سیفٹی کٹ تیار کر کے گھر، دفتر، گاڑی یا لباس میں ہمراہ رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد مل سکے۔
یاد رکھیں، احتیاط علاج سے بہتر ہے!