گوجرانوالہ،باغی ٹی وی(نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) پولیس لائنز گوجرانوالہ میں شہداء پولیس کی فیملیز کے اعزاز میں افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا، جس میں ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) طیب حفیظ چیمہ، ایس ایس پی آپریشنز رضا تنویر اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز یادگارِ شہداء پر سلامی سے ہوا، جس کے بعد شجرکاری مہم کا افتتاح شہداء کی فیملیز سے کروایا گیا۔ اس موقع پر پولیس لائن میں شہداء کے ناموں سے منسوب پودے لگائے گئے جبکہ شہداء کے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔
آر پی او نے آئی جی پنجاب کے احکامات کے تحت شہداء کی فیملیز میں پولیس میڈلز اور گفٹ تقسیم کیے اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "شہداء پولیس کا فخر ہیں، ان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ ان کے اہل خانہ کی دیکھ بھال ہماری اولین ذمہ داری ہے، کیونکہ ہم سب ایک خاندان کی طرح ہیں۔”
مزید برآں، آر پی او نے ریجن بھر میں شجرکاری مہم کے تحت مزید پودے لگانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ درخت نہ صرف ماحول کی بہتری بلکہ قدرتی آفات سے بچاؤ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر آر پی او، ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر افسران نے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ افطاری کی اور ان کے مسائل بھی سنے۔