ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی رپورٹ) ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری عروج پر پہنچ گئی، قصبہ بچیکی میں مسلح ملزمان نے چاول کی فیکٹری پر دھاوا بول کر کروڑوں روپے مالیت کا سامان لوٹ لیا۔ واردات کے دوران 22 ڈاکوؤں نے سیکیورٹی عملے کو یرغمال بنائے رکھا اور سات گھنٹے تک دندناتے رہے، مگر پولیس کو خبر تک نہ ہوئی۔
رات کی تاریکی میں چاول فیکٹری پر 22 مسلح ڈاکوؤں نے دھاوا بول دیا۔ سیکیورٹی گارڈز نے مزاحمت کی تو ملزمان نے انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور زدوکوب کرکے بے بس کردیا۔ ڈاکو باآسانی فیکٹری میں داخل ہوئے اور وہاں موجود نقدی، قیمتی سامان اور مال لوٹ کر فرار ہوگئے۔
ملزمان فیکٹری سے 22 تولے کے طلائی زیورات، 35 لاکھ روپے نقدی، لاکھوں روپے مالیت کی چاول کی بوریاں اور 2 ٹرانسفارمر لے اڑے۔ واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جبکہ پولیس کو کوئی خبر نہ ہوئی۔
واردات کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا، تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ متاثرہ فیکٹری کے مالک نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کرکے لوٹی گئی رقم اور سامان واپس دلایا جائے۔
علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کی ناکامی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اسی طرح بے بس رہے تو کاروباری طبقہ سخت نقصان اٹھائے گا اور علاقے میں جرائم کا گراف مزید بڑھ جائے گا۔ شہریوں نے حکومت سے فوری کارروائی اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کا مطالبہ کیا ہے۔