اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان )بہاولپور میں صحرائے چولستان کے علاقے ٹوبہ قاسم والا میں ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا ہےجہاں جھگیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں ایک ماں اور اس کے چار معصوم بچے زندگی کی بازی ہار گئے۔

پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مذکورہ خاتون چائے بنانے میں مصروف تھی کہ چولہے سے اٹھنے والی چنگاری جھگی میں جاگری۔ جھگیوں کی تعمیر میں گنے کی فصل کی خشک باقیات استعمال کی گئی تھیں، جس کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے جھونپڑیاں شعلوں کی لپیٹ میں آگئیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں ایک سے چار سال کے درمیان تھیں، جو حادثے کے وقت اپنی ماں کے ساتھ جھگی میں موجود تھے۔ آگ نے انہیں سنبھلنے کا موقع تک نہ دیا اور وہ شدید جھلسنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ کسی ممکنہ غفلت یا مجرمانہ غفلت کے پہلو کو بھی مدنظر رکھا جا سکے۔

چولستان کے صحرائی علاقے میں بسنے والے غریب خاندان انتہائی کسمپرسی میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جہاں بنیادی سہولیات کی کمی ان کے لیے جان لیوا ثابت ہو رہی ہے۔

Shares: