سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض ) پولیس کا کریک ڈاؤن، 502 بوتلیں ولائتی شراب برآمد،ملزم گرفتار
تفصیل کے مطابق سیالکوٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی ایک بڑی چین کو توڑ دیا اور 502 بوتلیں ولائتی شراب برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق سیالکوٹ میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کے دوران یہ بڑی کامیابی حاصل کی گئی۔
ترجمان پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ صدر سیالکوٹ انسپکٹر میاں عبدالرزاق اور سب انسپکٹر محمد یاسر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے رنگپور کے رہائشی ملزم مبشر ولد پرویز کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے 502 بوتلیں ولائتی شراب برآمد کی گئیں۔
پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزم مبشر نے اعتراف کیا کہ وہ ضلع سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرتا تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث دیگر افراد تک پہنچا جا سکے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ پولیس شہر کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے صرف چھوٹے موٹے نشئیوں کے بجائے اس مکروہ دھندے میں ملوث بڑے نیٹ ورکس اور منشیات کے اصل سرغنہ کو پکڑنے پر توجہ دے رہی ہے۔ شہر سے منشیات کے مکمل خاتمے تک یہ مہم جاری رہے گی۔