اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) شہید مخدوم سید علی حسن گیلانی سپورٹس کمپلیکس اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، جس پر علاقے کے نوجوانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ یہ منصوبہ ایم پی اے مخدوم سید عامر علی شاہ کی خصوصی کاوشوں کا نتیجہ ہے، جو علاقے کے نوجوانوں کے لیے ایک شاندار تحفہ ثابت ہوگا۔

یہ جدید اسپورٹس کمپلیکس قومی معیار کی سہولیات سے مزین ہوگا، جس میں فٹبال، کرکٹ، باسکٹ بال، والی بال سمیت دیگر کھیلوں کے لیے معیاری گراؤنڈز موجود ہوں گے۔ اس کے علاوہ، نوجوانوں کے لیے خصوصی جمنازیم اور انڈور اسپورٹس کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف صحت مند سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع بھی ملے گا۔

اوچ شریف کے عوام خصوصاً نوجوان جو طویل عرصے سے ایک معیاری اسپورٹس کمپلیکس کی ضرورت محسوس کر رہے تھے، اس منصوبے کی جلد تکمیل پر بے حد خوش ہیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے ایم پی اے مخدوم سید عامر علی شاہ کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے اسے علاقے کی ترقی میں ایک سنگ میل قرار دیا ہے۔

مخدوم سید عامر علی شاہ اس وقت عمرہ کی سعادت کے لیے حجاز مقدس میں موجود ہیں، تاہم ان کی غیر موجودگی کے باوجود ان کے ویژن کے مطابق ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ عوام نے ان کی صحت و سلامتی اور عبادات کی قبولیت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ واپسی پر مزید ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کریں گے۔

اہلیانِ اوچ شریف نے شہید مخدوم سید علی حسن گیلانی اسپورٹس کمپلیکس کو ایک تاریخی منصوبہ قرار دیتے ہوئے اس پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ یہ منصوبہ نوجوانوں کے لیے ایک نئی امید اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

Shares: