اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے انٹرنیشنل فری زونز اتھارٹی متحدہ عرب امارات اور الیریا گروپ کے 8 رکنی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارات کی انٹرنیشنل فری زون اتھارٹی (IFZA) اور سرمایہ کاری بورڈ پاکستان کے مابین پاکستان کے موجودہ اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) کا تبادلہ کیا گیا۔ اس معاہدے کے تحت IFZA پاکستان کے مختلف اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کرے گی، جس سے ملک میں صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ملاقات میں IFZA کے چیئرمین مارٹن گریگرز پیڈرسن (Martin Gregers Pederson) اور الیریا گروپ کے مینجنگ پارٹنر مانا علی محمد حماد الشمسی سمیت دونوں اداروں کے دیگر عہدیداران شریک تھے۔ اس کے علاوہ، پاکستان کی جانب سے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وفد کا پاکستان آمد پر پرتپاک خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستان سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا اور کہا کہ اس قسم کے معاہدے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک مثبت قدم ثابت ہو سکتی ہے۔








