پشین: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے توبہ کاکڑی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔ کارروائی کے دوران چار خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

لیویز حکام کے مطابق، گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ برآمد شدہ اسلحے میں راکٹ لانچر، اینٹی ٹینک مائنز، خودکش جیکٹس میں استعمال ہونے والے آلات، مختلف اقسام کا بارود اور دیگر بارودی مواد شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو مزید تفتیش کے لیے ایک خفیہ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، گرفتار دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے ہے اور وہ بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے متعدد واقعات میں ملوث رہے ہیں۔سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف ایک ممکنہ بڑے دہشت گرد حملے کو ناکام بنایا بلکہ علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانے کی کوششوں کو مزید مضبوط کیا ہے۔ اس کامیاب آپریشن پر عوامی حلقوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی بھرپور تعریف کی جارہی ہے۔

دہشت گردوں کی گرفتاری کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں مزید سرچ آپریشن بھی شروع کردیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت سدباب کیا جاسکے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوراً قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں تاکہ ملک دشمن عناصر کے عزائم کو جڑ سے اکھاڑا جا سکے۔

Shares: