پاکستان کی معروف نوبیل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی ایک روزہ دورے پر اپنے آبائی علاقے شانگلہ پہنچیں، جہاں انہوں نے اپنے پرانے گھر کا دورہ کیا اور اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کی۔ اس دوران ملالہ یوسفزئی کے ساتھ ان کے والد ضیاء الدین یوسفزئی اور والدہ بھی موجود تھیں۔
ملالہ یوسفزئی کی شانگلہ کے گاؤں شاہ پور آمد پر خاندان کے افراد اور مقامی اسکول کے بچوں نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ ان کے دورے کا مقصد نہ صرف اپنے گھر والوں سے ملنا تھا بلکہ اپنے علاقے میں تعلیم کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ بھی لینا تھا۔ڈی آئی جی مالاکنڈ ڈویژن شیر اکبر خان کے مطابق، ملالہ یوسفزئی نے اپنے دورے کے دوران "ملالہ یوسفزئی اسکول” کا بھی دورہ کیا، جو یتیم اور غریب بچیوں کے لیے تعمیر کیا گیا تھا۔ ملالہ نے وہاں کی طالبات سے ملاقات کی اور ان کی تعلیم اور مستقبل کے حوالے سے حوصلہ افزائی کی۔ملالہ یوسفزئی نے شاہ پور گرلز ہائی اسکول میں ہونے والی ایک تقریب میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت پر بات کی اور اپنے تجربات شیئر کیے۔
اس دورے کے بعد، ملالہ یوسفزئی شانگلہ سے واپس اسلام آباد روانہ ہو گئیں۔ ان کا یہ دورہ ایک بڑی اہمیت کا حامل تھا، کیونکہ اس سے ان کے علاقے میں تعلیم کے فروغ اور غریب بچیوں کی بہتر تعلیم کے لیے ان کی کاوشوں کا تسلسل ملتا ہے۔








