راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرنے بنوں کینٹ کا دورہ کیا، آرمی چیف کومجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
باغی ٹی وی :پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتَ عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بنوں چھاؤنی پر خوارج کے ناکام دہشت گرد حملے کے بعد آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بنوں کینٹ کا دورہ کیا ہے، آرمی چیف کومجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سی ایم ایچ بنوں کا دورہ کیا اوروہاں زخمیوں کی عیادت کی، آرمی چیف نے فوجیوں کے بلند حوصلے، ثابت قدمی کوسراہا دورے کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف کردار ادا کرتی رہے گی،مجرموں کو بہادر فوجیوں نے فوری طور پر ختم کردیا، منصوبہ سازوں کوجلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
108 سالہ خاتون کا منفردعالمی ریکارڈ
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ریاست کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لئے دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کرتی رہے گی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دہشت گردی کے اس گھناؤنے اور بزدلانہ واقعے میں شہید ہونیوالے بے گناہ شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور انہیں یقین دلایا کہ حملے کے گھناؤنے کرداروں کو بہادر جوانوں نے فوری کارروائی کرکے انجام تک پہنچایا تاہم اس گھناؤنے حملے کے منصوبہ ساز اور سہولت کار جہاں بھی ہوں گے، انہیں بھی جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
افغانستان میں چھوڑا امریکی اسلحہ پاکستان کیخلاف استعمال ہو رہا،عرفان صدیقی
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں، خواتین اور بوڑھوں سمیت شہریوں کو وحشیانہ نشانہ بنانے سے خوارج کے اسلام کے دشمنی کے حقیقی عزائم بے نقاب ہو ئے ہیں، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی اتحاد ناگزیر ہے، مسلح افواج پاکستان کے عوام کے تحفظ اور سلامتی کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے حملہ آوروں کو ناکام بنانے اور ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے جرات مندانہ، فوری اور فیصلہ کن ردعمل کو سراہا۔
پاکستان اور افغانستان کے شہریوں کا امریکا میں داخلہ بند ہونیکا امکان
آرمی چیف نے مزید کہا کہ دشمن عناصر کی ایماء پر کام کرنے والے خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف جنگ اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج سمیت دہشت گرد گروہ پاکستان کے خلاف افغان سرزمین سے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حالیہ دہشت گرد حملوں میں غیر ملکی ہتھیاروں اور آلات کا استعمال اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ افغانستان ایسے عناصر کی محفوظ پناہ گاہ بنا ہوا ہے، انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کسی بھی گروہ کو پاکستان کے امن و استحکام میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
قبل ازیں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔