مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے رہنما اختیار ولی کو وزیر اعظم شہباز شریف کا کوآرڈینیٹر برائے خیبر پختونخوا مقرر کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر اعظم آفس نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اختیار ولی کی بطور کوآرڈینیٹر تعیناتی اعزازی بنیادوں پر کی گئی ہے اور وہ بغیر کسی تنخواہ کے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔یاد رہے کہ اختیار ولی نے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ اس ملاقات میں وزیراعظم نے اختیار ولی کو خیبرپختونخوا میں پارٹی معاملات بہتر بنانے اور عوامی رابطے کو مزید مضبوط کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات کے دوران اختیار ولی نے پرویز خٹک کو کابینہ میں شامل کرنے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اختیار ولی نے وزیر اعظم کے سامنے اس بات پر اعتراض کیا کہ انہیں کابینہ میں شامل کرنا یا نہ کرنا ایک الگ معاملہ تھا، لیکن جس امیدوار کو شکست دے کر وہ ایوان میں پہنچے ہیں، اسے کابینہ میں شامل کرنا قابل قبول نہیں ہونا چاہیے تھا۔اس تقرری کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا میں مزید متحرک ہو گی اور عوامی سطح پر پارٹی کے معاملات کو بہتر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔








