اسلام آباد: ؛ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کو ہدایت کی ہے کہ کارپوریشن کے مالی حالات بہتر کرنے کے لیے ریڈیو پاکستان کی کرایہ پر دی جانے والی عمارات کے کرایوں کے نرخوں پر نظر ثانی کر کے اور انہیں مارکیٹ ریٹ پر لائے۔ کمیٹی نے کہا کہ کارپوریشن کی موجودی مالی حالت ادارے کو اپنا کام خوش اسلوبی سے جاری رکھنے اور اپنے ملازمین کو تنخواہوں اور پینشن کی بر وقت ادائیگی کے لیے فوری سخت اقدامات کی متقاضی ہے۔

کمیٹی کا اجلاس ایم این اے پھلین بلوچ کی صدارت میں ہوا۔ کمیٹی نے پاکستان ٹیلی ویژن سے طلب کی گئی معلومات کی عدم فراہمی پر برہمی کا اظہار کیا۔ کمیٹی کا موقف تھا کہ قائمہ کمیٹیاں پارلیمنٹ کی توسیع ہیں اور انہیں حکومتی وزارتوں اور ان کی ماتحت اداروں کی پارلیمانی نگرانی کی ذمہ داری تفویص ہے اور حکومت کے کسی بھی محکمے/تنظیم سے معلومات حاصل کرنے کا استحقاق حاصل ہے۔ کمیٹی نے کہا کہ کمیٹی سے معلومات تک رسائی کو روکنے یا چھپانے کی کسی بھی کوشش کے سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔ کمیٹی نے اپنے آئندہ اجلاس سے پہلے پی ٹی وی سے مانگی گئی ضروری معلومات جمع کرانے کی ہدایات جاری کی۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ ان کی وزارت کمیٹی اور اس کے اراکین قابل احترام ہیں اور کمیٹی سے معلومات کو کبھی مخفی نہیں رکھے گی۔ انہوں نے کمیٹی کو پی ٹی وی کو مزید متحرک اور خود کفیل بنانے کے لیے شروع کیے گئے حالیہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
کمیٹی نے بلوچستان اور ملک کے سرحدی علاقوں میں ریاست مخالف بیانیے کا مقابلہ کرنے کے لیے وضع کی گئی حکمت عملی کا جائزہ لیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے بلوچستان اور سرحدی علاقوں میں سرکاری ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی کورج مزید بڑھانے پر زور دیا اور ترقیاتی شعبے میں حکومت کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے اور عوامی خصوصی طور پر نوجوانوں کی ملکی ترقی میں ان کا کردار اجاگر کرنے پر زور دیا۔

پرائم ٹائم اور کھیلوں کے میچوں کے دوران ٹی وی چینلز کی جانب سے مقررہ حد سے زیادہ اشتہارات چلانے کا نوٹس لیتے ہوئے کمیٹی نے پیمرا کو ہدایت کی کہ وہ حوالے سے اپنے ضوابط کی تعمیل کو یقینی بنائے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ تمام ٹی وی چینلز کو قواعد و ضوابط کی پاسداری کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کرن عمران ڈار، آسیہ ناز تنولی، رومینہ خورشید عالم، سحر کامران، رانا انصار، محمد معظم علی خان، مولانا عبدالغفور حیدری، جبکہ مہتاب اکبر راشدی اور وقاص اکرم نے زوم کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ وزارت اطلاعات کی نمائندگی ڈائریکٹر جنرل (IP)، ڈائریکٹر جنرل (PBC) اور وزارت کے ماتحت محکموں کے دیگر افسران نے کی۔

Shares: