سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض) پولیس نے ماہ فروری 2025 کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے اشتہاری ملزمان، ناجائز اسلحہ، منشیات فروشوں، گداگروں اور ڈکیت گینگز کے خلاف بڑے پیمانے پر گرفتاریوں اور برآمدگیوں کو یقینی بنایا۔ ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیالکوٹ پولیس دن رات متحرک ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریوں کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اشتہاری ملزمان کی گرفتاری
جرائم کی بیخ کنی کے لیے کی جانے والی کارروائیوں میں قتل، ڈکیتی، رابری، اور اغوا برائے تاوان جیسے سنگین مقدمات میں ملوث کیٹگری A کے 439 اور کیٹگری B کے 551 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 230 ریکارڈ یافتہ ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔
ناجائز اسلحہ کی برآمدگی
ضلع بھر میں 206 مقدمات درج کر کے مختلف کارروائیوں میں 1 کلاشنکوف، 27 رائفلز، 186 پسٹلز، اور 797 زندہ کارتوس برآمد کیے گئے، جو کہ امن و امان کے قیام میں اہم پیش رفت ہے۔
منشیات کے خلاف کارروائی
منشیات فروشوں کے خلاف سخت اقدامات کے نتیجے میں 210 مقدمات درج ہوئے اور ملزمان کے قبضے سے 146 کلو 700 گرام چرس، 11 کلو 640 گرام ہیروئن، 1249 گرام آئس، 1337 لیٹر شراب اور ایک چالو بھٹی برآمد کی گئی۔
پتنگ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن
پولیس نے 96 ملزمان کو گرفتار کر کے 1260 پتنگیں اور 349 کیمیکل ڈوریں برآمد کیں، جبکہ ملزمان کو جوڈیشل حوالات بھجوا دیا گیا۔
ڈکیت گینگز کی گرفتاری اور مسروقہ سامان کی برآمدگی
سیالکوٹ پولیس نے 19 ڈکیت گینگز کے 58 ارکان گرفتار کر کے 203 مقدمات ٹریس کیے اور 13 کروڑ سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا، جس میں نقدی، ایک کیری ڈبہ، 48 موٹر سائیکلیں، 21 موبائل فون، طلائی زیورات، مویشی اور دیگر قیمتی اشیاء شامل ہیں۔
گمشدہ بچوں کی بازیابی
پولیس نے 10 گمشدہ یا لاوارث بچوں کو بازیاب کر کے ان کے والدین کے حوالے کیا، جو پولیس کی عوام دوست پالیسی کا ثبوت ہے۔
گداگری کے خلاف کارروائی
گداگری میں ملوث 84 ملزمان گرفتار کیے گئے، جن میں 58 مرد اور 26 خواتین شامل ہیں۔
E-Gadget ایپ کے ذریعے موبائل فونز کی برآمدگی
پولیس نے E-Gadget موبائل ایپلیکیشن کی مدد سے 104 چوری و گمشدہ قیمتی سمارٹ فونز برآمد کر کے اصل مالکان کو واپس کیے۔
کھلی کچہریوں کا انعقاد اور عوامی خدمت
ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کہا کہ پولیس اوپن ڈور پالیسی کے تحت روزانہ شہریوں کے مسائل سنتی ہے اور کسی کو سفارش کی ضرورت نہیں۔ عوام کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے لیے ضلع بھر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ پولیس شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اپنی جان کی پروا کیے بغیر اپنے فرائض انجام دیتی رہے گی۔