امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے ایک سے ڈیڑھ ماہ میں سعودی عرب کا دورہ کریں گے، جس دوران ایک ٹریلین ڈالر کی بزنس ڈیل کے امکانات پر بات کی جائے گی۔

ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ان کی بات چیت کامیاب رہی ہے، اور سعودی حکام امریکی کمپنیوں میں ایک ہزار ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر راضی ہوگئے ہیں۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے سعودی حکام سے کہا تھا کہ اگر وہ امریکی کمپنیوں میں اتنی بڑی سرمایہ کاری کریں گے تو وہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے، اور سعودی عرب اس بات پر متفق ہوچکا ہے۔ اس سرمایہ کاری میں فوجی ساز و سامان سمیت دیگر مصنوعات کی خریداری کے لئے امریکی کمپنیوں کو بھاری رقوم دی جائیں گی۔

انہوں نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ سعودی عرب کے ساتھ امریکی تعلقات بہت اچھے ہیں اور سعودی حکام کی جانب سے امریکی کمپنیوں کے لئے بڑے مالی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب کی حکومت امریکی کمپنیوں سے مختلف قسم کی خریداری کے لئے بہت بڑی رقم خرچ کرنے جا رہی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

اس دورے کا مقصد سعودی عرب اور امریکہ کے اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینا اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے اقتصادی تعلقات کے حوالے سے انہیں بھرپور حمایت حاصل ہے، اور وہ اس دورے کو ایک اہم سنگ میل سمجھتے ہیں۔

Shares: