سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن پنجاب رانا سکندر حیات نے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر فرخ نوید کے ہمراہ سمبڑیال میں زیر تعمیر یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال، ایڈیشنل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ قمر قیصرانی، اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب اور کنسلٹنٹ بھی موجود تھے۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت پنجاب اس یونیورسٹی کو پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت چلانے کے لیے تیار ہے۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ مقامی بزنس کمیونٹی کو اس حوالے سے حکومت کی آفر سے آگاہ کریں گے اور پرپوزل تیار کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے اسکوپ آف ورک کے مطابق 50 فیصد سول ورک مکمل ہو چکا ہے۔
وزیر ہائیر ایجوکیشن نے آئی ڈیپ کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ 15 روز میں منصوبے کو فوری طور پر فنکشنل کرنے اور یونیورسٹی کا چارٹرڈ حاصل کرنے کے لیے ری وائزڈ پی سی ون تیار کریں تاکہ قومی اقتصادی کونسل سے منظوری لی جا سکے۔ انہوں نے یونیورسٹی میں روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری اور ڈگری پروگرام کے جلد آغاز کی بھی ہدایت دی۔
علاوہ ازیں، وزیر ہائیر ایجوکیشن نے گورنمنٹ ڈگری کالج ڈسکہ اور خواتین ڈگری کالج ڈسکہ کا بھی دورہ کیا اور تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا۔








