مزید دیکھیں

مقبول

سیالکوٹ: مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر سمیت 3 ایجنٹ گرفتار

سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض) مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر سمیت 3 ایجنٹ گرفتار

ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کی بڑی کارروائیاں، انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا۔ مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر سمیت تین ایجنٹوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت مرزا احسان بیگ، عمران مشتاق اور حسن عباس کے نام سے ہوئی، جنہیں گوجرانوالہ، اسلام آباد اور پسرور سے گرفتار کیا گیا۔

ملزم مرزا احسان بیگ مراکش کشتی حادثے میں ملوث نکلا، جس نے فادی گجر، باشی گجر اور رانا لیاقت کے ساتھ مل کر ایک شہری کو غیر قانونی طور پر اسپین بھجوانے کی کوشش کی۔ اس مقصد کے لیے شہری سے 27 لاکھ روپے ہتھیائے گئے اور پہلے موریطانیہ بھجوایا گیا۔ بعد ازاں ملزمان نے اسے کشتی کے ذریعے اسپین اسمگل کرنے کی کوشش کی، تاہم متاثرہ شخص نے سمندری سفر سے انکار کر دیا اور پاکستان واپس آ گیا۔ ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا، جبکہ مزید گرفتاریوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ایک اور کارروائی میں ایف آئی اے نے اسلام آباد کی ایئرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی سے ملزم عمران مشتاق کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایک شہری سے 30 لاکھ روپے وصول کیے اور اسے کینیڈا میں ملازمت کے بہانے بھیجنے کی کوشش کی۔ تاہم، ملزمان شہری کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور روپوش ہو گئے۔

پسرور، سیالکوٹ میں ایف آئی اے کی کارروائی کے دوران ملزم حسن عباس کو گرفتار کر لیا گیا، جس نے شہریوں کو غیر قانونی طور پر اسپین بھجوانے کے لیے 28 لاکھ روپے سے زائد وصول کیے۔ ملزم نے متاثرین کو کشتی کے ذریعے موریطانیہ سے اسپین اسمگل کرنے کی کوشش کی، تاہم متاثرین نے سمندری سفر سے انکار کر دیا اور واپس پاکستان آ گئے۔

ایف آئی اے کے مطابق کشتی حادثات میں ملوث انسانی سمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون عبدالقادر قمر نے کہا کہ "معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انسانی سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے۔ کشتی حادثات کے ذمہ داروں کو سخت سزائیں دلوائی جائیں گی اور بین الاقوامی سطح پر انسانی سمگلنگ نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کیا جائے گا۔”

ایف آئی اے کی ٹیمیں لواحقین سے مسلسل رابطے میں ہیں اور تحقیقات میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانیhttp://baaghitv.com
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں