صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کو تعلیم، معیشت اور قیادت میں آگے لانا نہ صرف ایک اخلاقی ضرورت ہے بلکہ یہ پوری قوم کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے اور اس عزم کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت مختلف اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کرنا قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، کیونکہ ایسا معاشرہ جو خواتین کو مساوی حقوق دیتا ہے، وہ زیادہ خوشحال اور پُرامن ہوتا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کا دن خواتین کی استقامت، محنت اور کردار کو تسلیم کرنے کا دن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر خاتون کو مساوی حقوق اور مواقع تک رسائی فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کر سکیں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں۔ ان اقدامات میں خواتین کے تحفظ کے لیے خصوصی عدالتیں اور ہیلپ لائنز کا قیام شامل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری اداروں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں، اور معاشی سرگرمیوں میں خواتین کی شمولیت کے لیے حکومتی پالیسیوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان آئینی دفعات اور بین الاقوامی معاہدوں کے مطابق خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے پرُعزم ہے، اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ آج کے دن ہر خاتون کو بااختیار بنانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
آصف علی زرداری کا یہ پیغام ایک واضح عزم کی علامت ہے کہ پاکستان میں خواتین کے حقوق کو مزید مستحکم کیا جائے گا، تاکہ وہ ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں۔
اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ ہر عورت کی آواز سنی جائے، اس کی قدر کی جائے اور اسے احترام دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو اب بھی مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جیسے کہ تشدد اور امتیازی سلوک، جن کے خاتمے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنا، معاشی آزادی دینا اور کاروباری شعبے میں ان کے لیے مساوی اجرت فراہم کرنا انتہائی اہم ہے۔