سیالکوٹ، باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض ) پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پشاور سے فروخت کے لیے لائی جانے والی منشیات کی بھاری کھیپ برآمد کر لی، جبکہ 2 خواتین سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ صدر سیالکوٹ انسپکٹر محمد رزاق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے 2 کلو 35 گرام آئس اور 9 کلو 680 گرام چرس برآمد کر لی۔
دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ پشاور سے منشیات لا کر ضلع سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے۔ ترجمان پولیس کے مطابق، سیالکوٹ پولیس منشیات کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے چھوٹے نشئیوں کے بجائے اس دھندے میں ملوث بڑی مچھلیوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور شہر سے منشیات کے خاتمے تک کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔









