وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی زیر صدارت دانش یونیورسٹی آف اپلائیڈ اینڈ ایمرجنگ سائنسز کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی طرف سے پاکستان کو واپس کیے گئے 190 ملین پاؤنڈز سپریم کورٹ کے ذریعے وفاقی حکومت کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق، یہ رقم دانش یونیورسٹی کی تعمیر میں استعمال کی جائے گی۔وزیراعظم نے 190 ملین پاؤنڈز کی رقم وفاقی حکومت کو منتقلی پر چیف جسٹس آف پاکستان کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس معاملے کو جلدی نمٹانے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دانش یونیورسٹی ایک ایسی درسگاہ ہو گی جہاں مستحق اور لائق طلباء کو اعلیٰ درجے کی تحقیق پر مبنی تعلیم فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس یونیورسٹی کا مقصد پاکستان میں جدید سائنسی تحقیق کو فروغ دینا ہے تاکہ نوجوانوں کو عالمی سطح کی تعلیم دی جا سکے۔وزیراعظم نے دانش یونیورسٹی کے لئے اسلام آباد میں زمین کے حصول کے لئے تمام قانونی تقاضے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ، یونیورسٹی کے چارٹر اور دیگر قانونی معاملات کو بھی فوری طور پر مکمل کرنے کا کہا گیا۔وزیراعظم نے ہدایت دی کہ یونیورسٹی کی عمارت سادگی کے عنصر کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کی جائے۔ عمارت کو سرخ اینٹوں سے بنایا جائے اور غیر ضروری اخراجات سے بچا جائے تاکہ لاگت کم سے کم ہو۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹی کے لئے اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ اور فیکلٹی کو بھرتی کیا جائے اور جدید ٹیکنالوجی کے تمام آلات فراہم کیے جائیں تاکہ یونیورسٹی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے یونیورسٹی کے نصاب کو جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ترتیب دینے کی ہدایت بھی کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تعیناتی کے لئے سرچ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، تاکہ اس پوزیشن کے لئے بہترین امیدوار کا انتخاب کیا جا سکے۔وزیراعظم نے یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی نامزدگی کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی تاکہ اس ادارے کو مضبوط اور خودمختار بنایا جا سکے۔
اجلاس کے دوران بریفنگ دی گئی کہ دانش یونیورسٹی کی رجسٹریشن سیکشن 42 کمپنی کے طور پر کی جائے گی اور اس کے تمام ضروری معاملات جلد ہی مکمل ہو جائیں گے۔ یونیورسٹی کے امور دانش ٹرسٹ کے زیر تحت ہوں گے تاکہ ادارہ اپنے مالی معاملات میں خود مختار ہو اور حکومتی عمل دخل کم سے کم ہو۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ شگر، گلگت اور باغ میں جلد ہی دانش اسکولز کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ آزاد جموں و کشمیر کے نیلم ویلی اور کراچی کے پسماندہ علاقوں میں بھی دانش اسکولز کے قیام پر کام جاری ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دانش یونیورسٹی کی تعمیر کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ یہ ادارہ جدید تعلیم اور تحقیق کے حوالے سے عالمی معیار پر پورا اتر سکے۔ ان اقدامات سے نہ صرف طلباء کو بہتر تعلیم ملے گی بلکہ پاکستان میں سائنسی تحقیق کی ترقی کے لیے ایک نیا دور شروع ہو گا۔