دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بیرونی قوتوں کی مداخلت ختم کرنا بہت ضروری ہے۔خالد مسعود سندھو
جعفر ایکسپریس پر حملہ قابل مذمت،دہشتگردوں کو انجام تک پہنچایا جائے، سیف اللہ قصوری،حافظ طلحہ سعید

مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے کے لئے پاکستانی قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے. مسافروں کو یرغمال کر نے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں. سیاسی جماعتیں اقتدار کی جنگ کی بجائے دہشتگردی کے خاتمے، قیام امن کے لئے متحد ہوں.

مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری، نائب صدر حافظ طلحہ سعید، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالد نیک و دیگر نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی اور کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسیاں اور بعض دیگر قوتیں منظم منصوبہ بندی کے تحت پاکستان میں دھماکے اور دہشت گردی کی وارداتیں کروارہی ہیں۔ افغانستان میں دہشت گردوں کو ٹریننگ دیکر پاکستان داخل کیا جارہا ہے جو یہاں تخریب کاری ودہشت گردی میں ملوث ہیں۔بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے علاقے ان کا ٹارگٹ ہیں. سانحہ جعفر ایکسپریس، بنوں کینٹ واقعہ، جامعہ حقانیہ حملے سمیت دہشت گردی کی دیگر وارداتو ں میں ملوث انسان نہیں درندے ہیں۔دہشت گردوں کیخلاف اقدامات وقتی نہیں مستقل بنیادوں پر ہونے چاہئیں تاکہ دہشت گردی کے عفریت سے جان چھڑائی جا سکے۔

خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبر پی کے میں خاص طور پر دہشت گردی پروان چڑھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم متحد ہو کر دشمن کو جواب دے۔ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بیرونی قوتوں کی مداخلت ختم کرنا بہت ضروری ہے۔ دہشت گردی میں ملوث درندوں کو عبرتناک سزا دی جائے .

Shares: