ڈھاکہ: بنگلہ دیشی فوج نے بھارتی میڈیا کی جانب سے پھیلائی جانے والی ان بے بنیاد افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں فوج میں بغاوت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ پروپیگنڈا ایک ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب بنگلہ دیش میں سیاسی استحکام کی کوششیں جاری ہیں۔
بنگلہ دیشی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا کی رپورٹس مکمل طور پر من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔ آئی ایس پی آر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیشی فوج مضبوط، متحد اور چیف آف آرمی اسٹاف کی قیادت میں اپنے آئینی فرائض کی ادائیگی کے لیے پرعزم ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ چین آف کمانڈ مستحکم ہے اور تمام سینیئر جنرل آئین، چین آف کمانڈ اور بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ وفادار ہیں۔ فوج کے اندر کسی بھی قسم کی ٹوٹ پھوٹ یا غداری سے متعلق تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں لیفٹیننٹ جنرل فیض الرحمان پر بغاوت کی منصوبہ بندی کا الزام لگایا گیا تھا، جسے بنگلہ دیشی فوج نے سختی سے مسترد کر دیا۔ آئی ایس پی آر نے بھارتی میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ جھوٹی خبریں پھیلانے سے گریز کریں اور بنگلہ دیش کے استحکام کو نقصان نہ پہنچائیں۔