سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہد ریاض) اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر افضل سکھیرا نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق سرکاری اور نجی اداروں میں خصوصی افراد (جسمانی معذوری کا شکار) کے لیے 3 فیصد کوٹہ لازمی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران خصوصی مہم شروع کریں اور مختلف صنعتی و کمرشل یونٹس میں کوٹہ پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا حصہ ہیں اور ان کی دیکھ بھال اور ضروریات کا خیال رکھنا معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی بہبود و بحالی یونٹ برائے معاونت معذور افراد سیالکوٹ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال سیالکوٹ چوہدری شریف گھمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ابرار عبداللہ ساہی، عدنان سرور راٹھور، سدرہ سلطانہ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر افتخار گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر وسیم مرزا، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد نواز، نمائندہ سول سوسائٹی اشفاق نذر، انجئینیر وقاص لودھی، محمد جمیل اور زبیدہ کوثر سمیت مختلف محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
افضل سکھیرا نے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ معذور افراد کو ترجیحی بنیادوں پر ہنر مند بنائیں تاکہ خصوصی افراد ہنر مند بن کر ملکی و قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کر سکیں۔