گوجرانوالہ (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) طیب حفیظ چیمہ نے گوجرانوالہ ریجن کے زونل ہیڈ آف بینکس کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں آر پی او نے بینکوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
آر پی او طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ بینکوں اور اے ٹی ایمز کے گردونواح میں ڈکیتی کی وارداتوں کو روکنے کے لیے باہمی تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عید کے دنوں میں بینکوں اور اے ٹی ایمز پر 24 گھنٹے سیکیورٹی گارڈز تعینات کیے جائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بینکوں سے بھاری رقوم لے جانے والے صارفین کے ساتھ پولیس کو بروقت اطلاع دی جائے تاکہ رقم کی محفوظ ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔
آر پی او نے بینکوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے احاطے اور گردونواح میں اعلیٰ معیار کے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں اور انہیں ہر وقت فعال رکھیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کیمرے ایسی جگہوں پر لگائے جائیں جہاں سے زیادہ سے زیادہ کوریج حاصل کی جا سکے۔ آر پی او نے بینکوں کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کی نگرانی کریں اور انہیں تفتیش میں شامل کریں۔
آر پی او طیب حفیظ چیمہ نے بینکرز سے بینکوں کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے تجاویز بھی طلب کیں اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کو امن کا گہوارہ بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور شہریوں کو ہر صورت تحفظ فراہم کیا جائے گا۔