باغی ٹی وی (نمائندگان)حافظ آباد اور گوجرانوالہ میں جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر "پلانٹ فار پاکستان” شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا۔ دونوں شہروں میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات نے مل کر ہزاروں پودے لگائے اور شہریوں کو شجرکاری کی اہمیت سے آگاہ کیا۔

حافظ آباد سے خبر نگار شمائلہ کی رپورٹ کے مطابق حافظ آباد میں ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں پودا لگا کر مہم کا آغاز کیا۔ ضلع بھر میں ایک روز کے دوران تقریباً 60 ہزار پودے لگائے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام سرکاری محکموں، سکولوں، کالجوں، ہسپتالوں اور دیگر اداروں کو پودے لگانے کا ہدف دیا۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں تاکہ ماحول کو صاف ستھرا اور صحت مند بنایا جا سکے۔

گوجرانوالہ سے نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی کی رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ میں محکمہ زراعت کے زیر اہتمام آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ ڈائریکٹر زراعت توسیع گوجرانوالہ ڈویژن ڈاکٹر شکیل احمد نے ماحولیاتی آلودگی کے خطرے اور گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کے لیے درخت لگانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ محکمہ زراعت کے ملازمین اور کسانوں نے مل کر 350 سے زائد پودے لگائے۔

Shares: